نئی دہلی،25 مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ابھیشیک بنرجی سے متعلق معاملے کو لے کر ممتا بنرجی پر نشانہ لگاتے ہوئے بی جے پی نے پیر کو الزام لگایا کہ ترنمول رہنما اور مغربی بنگال کی وزیر اعلی جان بوجھ کر ہر سطح پر آئینی بحران کھڑا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں اور ریاست میں خوف کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔
بی جے پی کے قومی ترجمان شاہنواز حسین اور راجیہ سبھا رکن سوپن داس گپتا نے مشترکہ پریس کانفرنس میں الزام لگایا کہ کولکاتہ ہوائی اڈے پر ترنمول کانگریس کے سربراہ کے رشتہ دار سمیت دو خواتین کے سامان کی جانچ کرنے والے کسٹمز حکام کو ریاست کی پولیس نے دھمکایا۔شاہنواز حسین نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ریاست کی پولیس ایک خاندان کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ان کا اشارہ ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشیک کے تناظر میں تھا جن کی بیوی کے سامان کی حکام نے جانچ پڑتال کرنے کی کوشش کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہ سامنے آنا چاہئے کہ سوٹ کیس کے اندر کیا تھا؟ وزیر اعلی کو لوگوں کو بتانا چاہیے کہ کیوں کولکاتہ پولیس نے کسٹمز افسران کو تحقیقات سے روکنے اور دھمکانے کی کوشش کی۔حسین نے الزام لگایا کہ ریاست کی پولیس نے کسٹمز حکام کو دھمکایا۔وہیں راجیہ سبھا رکن سوین داس گپتا نے پوچھا کہ کولکاتہ پولیس اس علاقے میں کیوں گھسی جو کسٹمز حکام کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔بی جے پی لیڈروں نے زور دیا کہ ترنمول رہنما اور مغربی بنگال کی وزیر اعلی جان بوجھ کر ہر سطح پر آئینی بحران کھڑا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں اور ریاست میں خوف کا ماحول پیدا ہوگیاہے۔ غور طلب ہے کہ لوک سبھا رکن ابھیشیک نے اس سلسلے میں کہا تھا کہ کسٹمز حکام نے بی جے پی لیڈروں کے ان الزامات کو مسترد کیا کہ اس کی بیوی نے قانون کی خلاف ورزی کی تھی۔